نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ممکنہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق 28 تا 31 جولائی کے دوران گلگت، سکردو، ہنزہ اور شگر سمیت گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم اور باغ میں بھی موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی شدید خدشہ ہے۔ وادی چترال، بونی اور ریشن میں بارشوں کے ساتھ گلیشیئرز کے پگھلنے سے دریائے چترال کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں خطرناک صورتحال جنم لے سکتی ہے۔
ادارے نے تمام متعلقہ محکموں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اہلکار، مشینری اور ریسکیو ٹیمیں الرٹ رہیں۔ این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم ایز اور مقامی انتظامیہ کو بھی ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔