معروف اداکار شمعون عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی پہلی 2 شادیاں مالی مسائل کے باعث ختم ہوئیں اور اس میں ان کی سابقہ بیویوں جویریہ عباسی اور حمائمہ ملک کا کوئی قصور نہیں تھا۔
ایک انٹرویو میں شمعون عباسی نے کہا کہ ان کے اب بھی دونوں سابقہ بیویوں سے اچھے اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور وقت کے ساتھ سب نے اپنی غلطیوں کو تسلیم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر الزامات لگے لیکن بعد میں سب نے تحمل سے سوچا اور ایک دوسرے کو معاف کیا۔
اداکار نے بتایا کہ ماضی میں ان کے مالی حالات بہت خراب تھے یہاں تک کہ وہ کئی دن بھوکے رہے اور انہیں ہوٹل سے ادھار پر کھانا کھانا پڑتا تھا، اور ایک وقت ایسا بھی آیا جب ادھار بند کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بسوں کی چھتوں پر سفر کیا، سخت غربت دیکھی لیکن ان کا یقین تھا کہ محنت کا صلہ ضرور ملے گا۔
شمعون عباسی کے مطابق اس وقت وہ نہ صرف خوشحال زندگی گزار رہے ہیں بلکہ ان کی سابقہ بیویاں بھی بہتر زندگی گزار رہی ہیں۔ انہوں نے جویریہ اور حمائمہ کی محنت اور کامیابی کو سراہا۔
خیال رہے کہ شمعون عباسی نے 1997 میں جویریہ عباسی سے شادی کی تھی جن سے ان کی ایک بیٹی عنزیلہ عباسی ہے۔ دونوں 2007 میں علیحدہ ہوگئے تھے۔ بعد ازاں 2010 میں انہوں نے حمائمہ ملک سے شادی کی جو 2013 میں ختم ہوگئی۔ اپریل 2023 میں انہوں نے تیسری شادی اداکارہ شیری شاہ سے کی۔