سعودی عرب میں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے عمرہ زائرین کی گاڑی کو پیش آنے والے ایک حادثے میں خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز پیش آنے والے اس حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔
جاں بحق افراد کا تعلق بونیر کے علاقے دگئی سے تھا۔ اہل خانہ کے مطابق وہ 11 روز قبل عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے۔ حادثے میں خاندان کے مزید 5 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس واقعے پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ گورنر نے زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے اور پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔