قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ ایک ظالم شخص ہے جس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر ظلم کی انتہا کر رکھی ہے۔ لیکن یاد رکھیں جو لوگ ہمارے لیڈر کو اذیت پہنچا رہے ہیں وہ ہمارے ہدف پر ہیں۔
ہری پور کی تحصیل خان پور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے کارکنان کو متحرک رہنے کا پیغام دیا۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ میں آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ آپ نے چھاپوں، گرفتاریوں اور دباؤ کے باوجود ہمیں بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا۔
انہوں نے کہاکہ میرے اور آپ کے گھروں پر چھاپے پڑے، میرے خلاف ایک دن میں 26 سے زیادہ مقدمات درج کیے گئے، دہشتگردی کے جھوٹے مقدمات اور وارنٹ جاری کیے گئے، لیکن ہم کبھی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے اسیر رہنما، جیسے محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر چیمہ اور اعجاز چوہدری، صرف اس لیے جیلوں میں ہیں کیونکہ وہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔
انہوں نے موجودہ حکومت کو کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ خود مانتے ہیں کہ وہ ہائبرڈ رجیم ہیں، ہمیں سب پتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمر ایوب نے کہاکہ وہ مجھ سے 6 فٹ دور بیٹھتے ہیں، ان جیسا بزدل کوئی نہیں دیکھا۔
ورکرز کنونشن میں عمر ایوب نے عوام کو پیغام دیا کہ اپنے ووٹ کی حفاظت کریں، اپنی امانت کسی کو نہ دیں، ہمارا وقت ان شااللہ ضرور آئے گا۔
خطاب کے دوران انہوں نے اپنی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا اور کہاکہ ہم نے خان پور میں 60 کروڑ روپے کی لاگت سے گریڈ اسٹیشن دیا، ہماری حکومت سے پہلے ملک میں بجلی کا نظام تباہ تھا، ہم نے اسے درست کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں 200 یونٹ بجلی کا بل 1500 یا 2 ہزار روپے آتا تھا، آج یہ بل 14 ہزار سے تجاوز کر چکا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پی ٹی آئی نے ملک کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی اسی مؤقف پر قائم رہے گی۔