امریکا میں طبی ماہرین نے واضح کیا ہے کہ پالیئیٹو کیئر کو اکثر لوگ ہاسپِس کیئر سے خلط ملط کر دیتے ہیں، حالانکہ دونوں مختلف نوعیت کی خدمات ہیں۔
پالیئیٹو کیئر کا مقصد کسی بھی سنگین یا دائمی بیماری کے دوران مریض کو آرام، درد میں کمی اور جذباتی مدد فراہم کرنا ہوتا ہے، اور یہ علاج کے ساتھ ساتھ جاری رہ سکتی ہے۔
اس کے برعکس ہاسپِس کیئر ان مریضوں کے لیے مخصوص ہے جنہیں چند ماہ کی زندگی باقی ہو اور تمام علاج بند کر دیے گئے ہوں۔
ماہرین نے زور دیا ہے کہ پالیئیٹو کیئر کو بیماری کے آغاز سے ہی شامل کیا جانا چاہیے تاکہ مریض کی زندگی کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق ایسے مریض جنہیں دل، پھیپھڑوں، دماغ یا کینسر جیسے امراض لاحق ہوں، انہیں پالیئیٹو خدمات دی جا سکتی ہیں۔
پالیئیٹو ٹیم نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی، روحانی اور سماجی مشکلات میں بھی مریضوں کی مدد کرتی ہے، اور علاج کے انتخاب یا پیشگی ہدایات میں بھی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔