ایشیا کپ متحدہ عرب امارات میں ہوگا، صدر اے سی سی محسن نقوی نے تاریخ کا اعلان کردیا


صدر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی نے ایشیا کپ کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔

محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ایشیا کپ کے میچز 9 تا 28 ستمبر متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کرکٹ کے ایک عظیم الشان مظاہرے کو دیکھیں گے، تاہم انہوں نے لکھا کہ ایونٹ کے تفصیلی شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

اس سے قبل محسن نقوی نے ڈھاکا میں اے سی سی کے سالانہ اجلاس کے بعد کہا تھا کہ سیاست کو کونسل کے درمیان نہیں لے آئیں گے، ایشیا کپ کے شیڈول سے متعلق بھارتی کرکٹ بورڈ سے بات کررہے ہیں، امید ہے شیڈول کا مسئلہ جلد حل ہوگا۔

بھارت کے اجلاس میں شریک نہ ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مصروفیات کی وجہ سے کبھی کبھار شریک نہ ہونا معمول ہے، اچھی بات یہ ہے کہ تمام 25 ممالک کے ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔

جدید تر اس سے پرانی