فرح خان کا مذاق کام آگیا، امیتابھ بچن کا ہاتھ سے لکھا خط موصول


بالی ووڈ کی معروف ہدایتکارہ فرح خان کے لیے منگل کا دن خاص بن گیا جب انہیں خود امیتابھ بچن کی طرف سے ایک دل کو چھو لینے والا ہاتھ سے لکھا ہوا خط موصول ہوا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خط میں’شہنشاہ جذبات‘ امیتابھ بچن نے فرح خان کی تخلیقی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی تعریف کو لفظوں سے ماورا قرار دیا۔

فرح خان نے یہ قیمتی لمحہ اپنے انسٹاگرام پر مداحوں سے شیئر کیا اور خوشی سے جھومتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے مذاق میں کہا تھا کہ امیتابھ سر، مجھے بھی ایک خط بھیجیں، اور دیکھیں، وہ واقعی آ گیا، یہ خوبصورت خط سیدھا امیت سر نے بھیجا ہے۔ آئی لو یو سر‘۔

امیتابھ بچن نے اپنے مخصوص انداز میں لکھا کہ ’عزیز فرح، بعض اوقات مختلف فنون میں غیر معمولی صلاحیتیں ہر قسم کی ستائش سے آگے نکل جاتی ہیں۔ تمہاری تخلیقی خدمات کی تعریف کے لیے تعریف جیسا لفظ بہت چھوٹا لگتا ہے۔ میری محبت، پیار اور عزت ہمیشہ تمہارے ساتھ ہے‘۔

یہ دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فرح خان جو ان دنوں اپنے یوٹیوب کُکنگ شو کے لیے مشہور شخصیات کے گھروں کا دورہ کر رہی ہیں، اداکارہ رادھیکا مدن کے گھر گئیں۔ وہاں انہوں نے دیوار پر امیتابھ بچن کا ایک فریم کیا ہوا خط دیکھا جس پر ہنستے ہوئے شکوہ کیا کہ ’میری پوری فلمی زندگی میں مجھے تو کبھی ’بگ بی‘ نے خط نہیں لکھا۔

اور پھر امیتابھ بچن نے نہ صرف ان کی بات سن لی بلکہ فوراً دل سے جواب بھی بھیج دیا۔

جدید تر اس سے پرانی