وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب اور شدید بارشوں کے باعث علاقے کو 20 ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے، اور حکومت کو فوری طور پر 7 ارب روپے کی ضرورت ہے۔ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں، سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے وزیراعظم پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔
گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ حاجی گلبر نے بتایا کہ قدرتی آفات کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ واٹر سپلائی اور واٹر چینلز مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیلی مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے۔
حاجی گلبر خان کا کہنا تھا کہ سیلابی ریلوں اور موسلادھار بارشوں کے باعث 22 کلومیٹر طویل سڑکیں تباہ ہو گئی ہیں، موجودہ صورت حال کے پیشِ نظر گلگت بلتستان کو فوری طور پر آفت زدہ علاقہ قرار دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت سے امداد کی اپیل کرتے ہوئے وزیراعظم کو خط بھی لکھا گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے۔