وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کی کوششوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد میں عمید، گل احمد، عبدالرحیم اور برہان خان شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والا ملزم عمید غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کر رہا تھا، جو تفتان بارڈر عبور کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم عمید کا تعلق افغانستان سے ہے۔
ملزم عمید کی نشاندہی پر انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک سے وابستہ 2 دیگر افراد، گل احمد اور عبدالرحیم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس کے علاوہ ایک اور ملزم بھی گرفتار ہوا جس کی شناخت برہان خان کے نام سے ہوئی اور اس کے پاسپورٹ پر امیگریشن کی جعلی اسٹمپ پائی گئی، جبکہ ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ وہ ماضی میں ترکیہ سے ڈی پورٹ بھی ہو چکا ہے۔
ایف آئی اے نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔