پاکستان کے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ان کے کام کو سراہتے ہوئے 10 لاکھ روپے کا انعام دیا۔
طلحہ احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مجھ سے کہا کہ آپ اتنا اچھا کانٹینٹ بنا رہے ہیں آپ کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔
یاد رہے کہ چند دن قبل طلحہ احمد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی جس میں شہباز شریف نے طلحہ احمد کی تخلیقی صلاحیتوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کامیابی کی تعریف کی۔
وزیراعظم آفس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے طلحہ احمد کی ڈیجیٹل دنیا میں نمایاں کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نے انہیں ذاتی طور پر ایک الیکٹرانک ٹیبلیٹ بھی تحفے میں دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان حتیٰ کہ بچے بھی آج کے جدید دور میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، اور طلحہ احمد اس حقیقت کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلحہ احمد جیسے باصلاحیت نوجوان پاکستانی قوم کی لامحدود استعداد کی علامت ہیں۔
واضح رہے طلحہ احمد پاکستان کے مقبول ترین کم عمر ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئیٹرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے کم عمری میں ہی یوٹیوب، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی معیاری اور مثبت ویڈیوز کے ذریعے لاکھوں دل جیت لیے۔
ان کا اندازِ گفتگو، سچائی پر مبنی پیغامات، اور بچوں و نوجوانوں کے لیے اصلاحی مواد انہیں دیگر کریئیٹرز سے ممتاز کرتا ہے۔ طلحہ احمد کا مواد صرف تفریحی نہیں بلکہ معلوماتی اور اخلاقی پہلو بھی لیے ہوتا ہے، جو والدین اور اساتذہ کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔