بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما نے اپنے شوہر کی فٹنس کے راز سے پردہ اٹھا دیا۔
انوشکا شرما نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ ویرات کوہلی نے تقریباً 10 سال سے بٹر چکن نہیں کھایا۔ کرکٹ اسٹار کی سخت فٹنس روٹین انہیں کیلوریز سے بھرپور اس ڈش سے دور رکھتی ہے جو چکنائی، شکر اور کولیسٹرول کی زیادتی کی وجہ سے طویل مدتی صحت کے لیے نقصان دہ سمجھی جاتی ہیں۔
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما اپنے کام کے علاوہ صحت مند طرز زندگی گزارنے کے لیے ضروری تمام اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔
انوشکا کے مطابق ویرات کوہلی ایک سخت روٹین پر عمل کرتے ہیں جس میں روزانہ ورزش، کارڈیو، صاف ستھری غذا اور جنک فوڈ سے مکمل پرہیز شامل ہے۔ ان کا صحت کا اصول مکمل نیند کو بھی اہمیت دیتا ہے، جو انہیں ذہنی طور پر توانا رکھنے اور بہتر پرفارمنس کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ ایک عام بٹر چکن اور نان کا کھانا تقریباً 1300 کیلوریز پر مشتمل ہوتا ہے۔ صرف ایک سرونگ میں 28 گرام چکنائی اور 12 گرام سیچوریٹڈ فیٹ ہوتی ہے، جو وزن میں اضافے اور دل کی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق بٹر چکن ’خراب کولیسٹرول‘ کی مقدار بڑھاتی ہے، جو ہارٹ اٹیک اور شریانوں کے بند ہونے کا سبب بنتی ہے۔ اس میں شامل کریم، مکھن اور چینی اس کے نقصانات کو مزید بڑھا دیتے ہیں۔
زیادہ چکنائی اور چینی خون میں گلوکوز کی سطح کو متاثر کرتی ہے اور انسولین کے خلاف مزاحمت پیدا کرتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ڈش کے باعث ٹائپ 2 ذیابیطس کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، کیونکہ یہ خون میں شوگر کی سطح کو غیر مستحکم کر دیتی ہے۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے 2017 میں شادی کی تھی۔ اس جوڑے کے دو بچے ہیں بیٹی کا نام وامیکا جبکہ بیٹے کا نام اکائے ہے۔