آپریشن سندور حکومت کی انٹیلی جنس ناکامی کی علامت ہے، اکھلیش یادو


بھارت کی سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے لوک سبھا میں ’آپریشن سندور‘ پر ہونے والی بحث کے دوران حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور اسے انٹیلی جنس نظام کی ناکامی قرار دیا۔

اکھلیش یادو نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ بھارتی فضائیہ نے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گردی کے ڈھانچے تباہ کیے تو بتایا جائے کہ ہمارے کتنے بہترین طیارے، جن کا نیمبو مرچ سے استقبال کیا گیا، فضا میں اڑے؟۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ وضاحت دینی ہوگی کہ آپریشن کے دوران انٹیلی جنس کی سطح پر کیا خامیاں رہیں جن کے باعث پہلگام حملہ ممکن ہوا۔

اکھلیش یادو کا کہنا تھا کہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والا دہشت گرد حملہ ایک بڑی انٹیلی جنس ناکامی تھی، اور آپریشن سندور اسی ناکامی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن پر تنقید کرنے کے بجائے حکومت کو واضح جواب دینا چاہیے کہ ملک کی سیکیورٹی میں ایسی خامیاں کیوں پیدا ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اصل خطرہ پاکستان سے نہیں، چین سے ہے، اور حکومت کو اس محاذ پر تیاری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

جدید تر اس سے پرانی