بھارت کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ نئی دہلی نے پاکستان کے ساتھ فوجی تنازع سیاسی و عسکری مقاصد کے حصول کے بعد ختم کیا۔
راج ناتھ سنگھ کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب بھارتی فوج نے پیر کے روز بتایا کہ اس نے بھارتی زیرِ انتظام کشمیر میں ایک شدید جھڑپ کے بعد 3 افراد کو ہلاک کردیا ہے۔ اس جھڑپ کی اطلاع فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد پر شبہ ہے کہ وہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہندو سیاحوں پر ہونے والے حملے میں ملوث تھے، جس حملے کے نتیجے میں پاکستان کے ساتھ مہلک فوجی تنازع شروع ہوا تھا۔
قبل ازیں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن کو یہ سوال نہیں کرنا چاہیے کہ پاکستان نے ہمارے کتنے جہاز گرائے، بلکہ یہ پوچھنا چاہیے کہ ہم نے پاکستان کے کتنے جہازوں کو مار گرایا۔