پاکستانی ڈراما سیریل ’دایان‘ ان دنوں مقبولیت کی بلندیوں پر ہے۔ یہ سیریل عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی پروڈکشن ہے اور شائقین سے بھرپور پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔
اس ڈرامے کی خاص بات مہوش حیات کی طویل عرصے بعد ٹی وی اسکرین پر واپسی ہے، جسے شائقین بے حد سراہ رہے ہیں۔
ہدایت کار سراج الحق نے ان کے حسین روپ کو خوبصورتی سے پیش کیا ہے، اور مہوش کی موجودگی نے شو کو ایک الگ ہی چمک بخش دی ہے۔
کہانی کی جھلک:
’دایان‘ کی کہانی نہال نامی معصوم لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے غریب پس منظر اور مجرم باپ کی وجہ سے ہونے والی ناانصافیوں کے باعث ایک منفی کردار میں بدل جاتی ہے۔
مہوش حیات نے نہال اور میشا دونوں کرداروں کو نہایت خوبی سے نبھایا ہے، لیکن میشا کے روپ میں ان کا اسٹائل، میک اپ، ملبوسات اور اسکرین پر ان کی موجودگی خاص طور پر توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔
مہوش حیات کے کچھ خاص ملبوسات جیسے سرخ میکسی اور سیاہ لباس کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ ان کے اسٹائل نے فیشن حلقوں میں بھی خاصی توجہ حاصل کی ہے۔
مداحوں کے دلچسپ تبصرے
اگرچہ مداحوں کی بڑی تعداد مہوش حیات کی اداکاری اور اسٹائل کو سراہ رہی ہے، لیکن سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے ان کے ’نینی‘ (گورنَس) جیسے کردار پر دلچسپ تبصرے بھی کیے ہیں:
ایک صارف نے لکھا ’ایسی اسٹائلش نینی گھر میں ہو تو ہر باپ بچہ بننا چاہے گا‘۔
دوسرے نے کہا ’ایلون مسک بھی اتنی ماڈرن نینی ہائر نہیں کر سکتا جتنی زوار اور اس کی بیوی کے لیے رکھی گئی ہے‘۔
ایک اور تبصرہ تھا ’یہ نینی تو سیدھی میٹ گالا سے زوار شاہ کے گھر آئی ہے‘۔