پی این ایس ساہیوال: جدید ٹیکنالوجی سے لیس مقامی سطح پر تیار کردہ جنگی جہاز


پاکستان نیوی نے پی این ایس ساہیوال گن بوٹ کی لانچنگ کی تقریب جمعرات کے روز کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد کی، جہاں وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

ترجمان بحریہ کے مطابق، پی این ایس ساہیوال گن بوٹ کو پاکستان نیوی کے پلیٹ فارم ڈیزائن وِنگ نے مقامی سطح پر تیار کیا ہے اور یہ کراچی شپ یارڈ میں زیرِ تعمیر ہے۔ یہ جدید ترین جنگی جہاز اعلیٰ کارکردگی والے، طویل فاصلے تک مار کرنے والے نیم خودکار توپوں سے لیس ہوگی، جو سمندری مشنز میں اس کی عملی صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے پاکستان نیوی کے پلیٹ فارم ڈیزائن وِنگ اور کراچی شپ یارڈ کی مشترکہ کوششوں کو سراہا اور بحریہ میں خود انحصاری کی پالیسی کو فروغ دینے پر زور دیا، انہوں نے وزارتِ دفاعی پیداوار کی مسلسل معاونت پر شکریہ بھی ادا کیا۔

وائس چیف آف نیول اسٹاف کا کہنا تھا کہ گن بوٹ کو مختلف سمندری سلامتی کے فرائض انجام دینے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔ ’پاکستان نیوی مزید گن بوٹس کی تیاری پر غور کر رہی ہے، جو خود انحصاری کے عمل اور کراچی شپ یارڈ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔‘

تقریب میں پاکستان نیوی کے اعلیٰ حکام، وزارتِ دفاعی پیداوار، کراچی شپ یارڈ اور شپ بلڈنگ انڈسٹری کے نمائندگان نے شرکت کی۔

جدید تر اس سے پرانی