ہری پور میں تحریک انصاف کے زیر اہتمام بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حق میں ایک ورکر کنونشن منعقد کیا گیا، جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے حکومت اور ریاستی اداروں پر کڑی تنقید کی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان شاء اللہ وہ وقت ضرور آئے گا جب آپ لوگ چھپیں گے اور ہم آپ کو گھسیٹیں گے۔ جنید اکبر نے مزید کہا کہ آپ کو عمر ایوب سے اس لیے تکلیف ہے کیونکہ وہ سچ بولتا ہے، وہی بات کرتا ہے جو آپ سن نہیں سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بے گناہ کارکنوں، لیڈروں اور بچوں پر جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے اور انہیں جیلوں میں ڈالا گیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہم ہر ظلم کا حساب لیں گے اور دعا ہے کہ خدا آپ کے بچوں کے ساتھ بھی ویسا ہی کرے جیسا آپ نے ہمارے ساتھ کیا۔
جنید اکبر نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کے کارکنان جیلوں سے نہیں ڈرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ نے ظلم کی ہر حد پار کی، مگر ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔