پنجاب حکومت نے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت بلاسود قرضہ جات کی فراہمی کے حجم میں نمایاں اضافہ کردیا ہے، جس کا مقصد 2028 تک 5 لاکھ خاندانوں کو ذاتی گھر کی تعمیر کے لیے مالی مدد فراہم کرنا ہے۔
یہ فیصلہ سیکریٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے پروگرام کی اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
سیکریٹری ہاؤسنگ نے اجلاس کے دوران بتایا کہ اب تک 60 ہزار سے زیادہ خاندان اس اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ حکومت کو پروگرام کے آغاز سے لے کر اب تک 15 لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
نورالامین مینگل کے مطابق سال 25-2024 کے لیے قرضوں کی فراہمی کا ہدف 47 ہزار خاندان تھا، تاہم ہدف سے بڑھ کر 51 ہزار سے زیادہ خاندانوں کو قرضہ جات جاری کیے جا چکے ہیں، جو اس اسکیم کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قرضوں کی تقسیم بلاامتیاز اور شفاف طریقے سے جاری ہے، اور نئے مکان مالکان سے ملاقات کے دوران ان کے چہروں پر خوشی اور اطمینان دیکھ کر اس منصوبے کی افادیت مزید واضح ہو جاتی ہے۔
حکام کے مطابق آئندہ سالوں میں اس پروگرام کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا تاکہ متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں کو اپنے ذاتی گھر کا خواب پورا کرنے میں آسانی میسر آ سکے۔