داعش سے منسلک گروہ کا کانگو میں چرچ پر حملہ، 21 افراد ہلاک


مشرقی کانگو کے علاقے کومانڈا میں ایک کیتھولک چرچ پر اتوار کی صبح ہونے والے حملے میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق حملہ داعش سے منسلک شدت پسند گروہ الائیڈ ڈیموکریٹک فورسز (ADF) نے کیا۔

عینی شاہدین اور مقامی حکام کے مطابق حملہ رات تقریباً ایک بجے کے قریب چرچ کے اندر اور اس کے اطراف میں کیا گیا۔ شدت پسندوں نے نہ صرف لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا بلکہ متعدد گھروں اور دکانوں کو بھی آگ لگا دی۔

عینی شاہدین نے اے پی کو بتایا کہ21 سے زائد افراد کو چرچ کے اندر اور باہر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، جبکہ 3 جھلسی ہوئی لاشیں بھی ملی ہیں اور مزید تلاش جاری ہے۔

الائیڈ ڈیموکریٹک فورسز (ADF) ایک شدت پسند گروہ ہے جو داعش سے منسلک ہے اور یوگنڈا و کانگو کی سرحدی علاقوں میں سرگرم ہے۔ یہ گروہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے عام شہریوں کو نشانہ بناتا رہا ہے۔

حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

جدید تر اس سے پرانی