عامر خان کی رہائش گاہ پر پولیس کا غیر معمولی دورہ، مداحوں میں بے چینی


بالی وُڈ کے معروف اداکار عامر خان ایک بار پھر خبروں میں ہیں، تاہم اس بار وجہ اُن کی فلم نہیں بلکہ اُن کے گھر کے باہر کی سرگرمیاں بنیں۔ سوشل میڈیا پر عامر خان کے ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع رہائش گاہ کے باہر کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں کئی پولیس گاڑیاں وہاں سے روانہ ہوتی دکھائی دیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قریباً 25 اعلیٰ پولیس افسران عامر خان کی رہائش گاہ پر پہنچے تھے۔

کچھ اطلاعات میں کہا گیا کہ یہ ٹیم اداکار سے ملاقات کے لیے آئی تھی، تاہم ابھی تک نہ تو عامر خان کی ٹیم، نہ خود اداکار اور نہ ہی پولیس حکام کی طرف سے اس ملاقات کی باضابطہ تصدیق کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب عامر خان کی ٹیم سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خود بھی معلوم نہیں کہ یہ اچانک دورہ کس وجہ سے تھا، ہم ابھی عامر سے تفصیلات معلوم کر رہے ہیں۔

یہ ویڈیوز اور خبریں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، اور مداحوں میں تشویش پھیل گئی کہ آخر یہ دورہ کس مقصد کے لیے کیا گیا۔

دوسری جانب عامر خان جلد ہی انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن 2025 میں بطور مہمان شرکت کے لیے تیار ہیں۔ یہ فلمی میلہ 14 سے 24 اگست تک جاری رہے گا، جس کا یہ 16 واں ایڈیشن ہو گا۔

اس موقع پر عامر خان کو بھارتی سنیما میں ان کی غیرمعمولی خدمات پر خصوصی اعزاز سے نوازا جائے گا، اور ان کی حالیہ فلم ’ستارے زمین پر‘ پر روشنی ڈالی جائے گی۔

اپنے بیان میں عامر خان نے کہاکہ میلبورن فلم فیسٹیول میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ یہ وہ فیسٹیول ہے جو بھارتی سنیما کے تنوع اور گہرائی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ میں ناظرین سے گفتگو اور اپنی فلموں کے تجربات بانٹنے کا منتظر ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ستارے زمین پر‘ میں ہم نے ایک ایسی کہانی پیش کی جو حساسیت کے ساتھ شمولیت اور نیورولوجیکل تنوع جیسے موضوعات کو اجاگر کرتی ہے، اور میں شکر گزار ہوں کہ یہ فلم بہت سے لوگوں کے دل کو چھو سکی۔

عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ نے ریلیز کے بعد ایک ماہ میں بھارت میں قریباً 165 کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔ یہ فلم آر ایس پرسنا کی ہدایت کاری میں بنی تھی، جبکہ مرکزی کردار میں جنیلیا ڈی سوزا بھی شامل تھیں۔

اب عامر خان معروف ہدایت کار راج کمار ہیرانی کی نئی فلم میں نظر آئیں گے، جو بھارتی سنیما کے بانی دادا صاحب پھالکے کی زندگی پر مبنی ایک بایوپک ہوگی۔

جدید تر اس سے پرانی